تازہ ترین

بلوچستان کی شاہراہوں پر بھتہ خوری کے خلاف رحمت صالح بلوچ کا اسمبلی میں احتجاج

0

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں نیشنل پارٹی کے رکن رحمت صالح بلوچ نے صوبے کی قومی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو مبینہ طور پر مسلح گروہوں کی جانب سے لوٹنے اور بھتہ وصولی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے رحمت صالح بلوچ نے دعویٰ کیا کہ صوبے کی شاہراہوں پر 12 مقامات پر مسلح جتھے موجود ہیں جو گاڑیوں کو روک کر ڈنڈوں کے زور پر لوگوں سے بھتہ وصول کرتے اور انہیں لوٹتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے پنجگور آنے جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ اور کوئٹہ سے گوادر اور تربت جانے والی بسوں سے بھی مبینہ طور پر بھتہ لیا جا رہا ہے۔

رحمت صالح بلوچ نے سوال اٹھایا کہ یہ مسلح افراد کون ہیں اور انہیں کس کی پشت پناہی حاصل ہے کہ وہ سرعام لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز انہیں فون کرکے صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں اور پوچھ رہے ہیں کہ وہ اس صورت حال میں کیا کریں۔

اپوزیشن رکن اسمبلی نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو اس قدر بے اختیار کردیا گیا ہے کہ وہ اپنے دفاتر سے باہر نکلنے کے لیے بھی ڈی پی او کے محتاج ہیں اور انہیں نفری فراہم کرنے کی درخواست کرنا پڑتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واشک اور وڈھ کے ڈپٹی کمشنرز کو بلوچستان اسمبلی میں طلب کیا جائے، کیونکہ ان کے بقول صرف ایک نہیں بلکہ درجن بھر مقامات پر عوام سے بھتہ وصول کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔

رحمت صالح بلوچ نے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے کہا کہ اگر ان کے پاس اختیار ہے تو وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور شاہراہوں پر عوام اور ٹرانسپورٹرز کا تحفظ یقینی بنائیں، بصورت دیگر عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.