گورنر بلوچستان کی صوبائی محتسب کو زیر التوا شکایات جلد نمٹانے کی ہدایت
کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبائی محتسب سعادت اللہ خان بزئی کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی تمام زیر التوا شکایات اور مقدمات ترجیحی بنیادوں پر جلد نمٹائے جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
یہ ہدایات انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی محتسب سے ملاقات کے دوران دیں۔ اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری عبدالنصیر درانی بھی موجود تھے۔ گورنر نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت انصاف تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس حق کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
جعفر خان مندوخیل نے صوبائی محتسب کو سرکاری محکموں اور اداروں کے باقاعدہ دورے شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان دوروں کے ذریعے محکموں کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مؤثر محتسب ادارہ نہ صرف عوامی شکایات کے ازالے بلکہ احتساب، شفافیت اور اچھی طرز حکمرانی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
گورنر بلوچستان نے زور دیا کہ انصاف کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر شہریوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم کرتی ہے اور اس سے نظام انصاف کا بنیادی مقصد متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے صوبائی محتسب کے تمام علاقائی دفاتر میں دفتری اوقات کی سختی سے پابندی یقینی بنانے اور انہیں عوام کے لیے مزید فعال اور قابل رسائی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے تمام علاقائی دفاتر سے تفصیلی ماہانہ کارکردگی رپورٹس طلب کرنے اور عوامی شکایات کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو مکمل تعاون فراہم کرنے پر زور دیا۔ گورنر نے کہا کہ سرکاری امور میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔