تازہ ترین

190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر کل اہم سماعت ہوگی

0

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں کل (18 نومبر) اہم سماعت ہوگی، جس کے دوران فریقین سے حتمی دلائل پیش کرنے کی توقع ہے۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے پہلے ہی دونوں فریقین کو حتمی دلائل دینے کی ہدایت کر رکھی ہے، جس کے بعد مقدمہ اپیلوں پر فیصلے کے اہم مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

یہ مقدمہ القادر ٹرسٹ کیس کے نام سے بھی معروف ہے، جسے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کہا جاتا ہے۔ اس کیس میں احتساب عدالت نے 17 جنوری 2025 کو سابق وزیراعظم عمران خان کو 14 سال جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ دونوں نے احتساب عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

ریفرنس کا تعلق برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے پاکستان کو واپس کی گئی تقریباً 190 ملین پاؤنڈ کی رقم اور القادر ٹرسٹ سے متعلق معاملات سے ہے۔ نیب کے مؤقف کے مطابق اس معاملے میں اختیارات کے مبینہ غلط استعمال اور مالی فوائد حاصل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جبکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔

گزشتہ سماعت کے دوران وکلا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اپیلوں کی مؤثر پیروی کے لیے ملزمان سے ملاقات اور مقدمے کے ریکارڈ تک رسائی ضروری ہے۔ وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا تھا کہ اپیلوں کا ریکارڈ تقریباً 3500 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں 35 گواہوں کے بیانات شامل ہیں، جن کا جائزہ لینے کے لیے مناسب وقت درکار ہے۔ عدالت نے وکلا کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی سہولت فراہم کرنے اور اپیلوں کی تیاری کے لیے وقت دینے سے متعلق ہدایات بھی جاری کی تھیں۔

دوسری جانب بشریٰ بی بی نے علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی متفرق درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں آنکھوں کے طبی مسائل کا سامنا ہے اور بہتر علاج، ممکنہ سرجری اور طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کرنا ضروری ہے۔ درخواست میں مکمل میڈیکل ریکارڈ فراہم کرنے اور علاج کی مناسب سہولیات یقینی بنانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

اب کل ہونے والی سماعت میں جہاں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر قانونی دلائل اہم ہوں گے، وہیں بشریٰ بی بی کی اسپتال منتقلی سے متعلق درخواست بھی توجہ کا مرکز رہنے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.