ہنگو: تھانہ سٹی ہنگو پولیس نے جمعیت علمائے اسلام کی ریلی کے دوران بازار روڈ ٹریفک کے لیے بند کرنے کے الزام میں 250 سے 300 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تھانہ سٹی میں درج ایف آئی آر نمبر 860/26 کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او محمود عالم خان کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 188، 341، 147 اور 149 شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق 15 نومبر 2026 کو دوپہر 2 بج کر 5 منٹ پر جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے ہنگو بازار روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث عام شہریوں، مریضوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے تقریباً ایک گھنٹہ پانچ منٹ تک سڑک بند رکھی۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو کے احکامات کی روشنی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس موقع پر پہنچی اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کرا دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔