پاکستان اور ترکمانستان کا تجارت، توانائی اور علاقائی روابط بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: پاکستان اور ترکمانستان نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا چھٹا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں اقتصادی تعلقات کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے نائب چیئرمین کابینہ و وزیر خارجہ رشید مرادوف نے کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے توانائی، ٹرانزٹ تجارت، زراعت، غذائی تحفظ، ٹرانسپورٹ، مواصلات، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت، بینکاری، سیاحت، کھیل اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک نے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط اور ادارہ جاتی شراکت داری بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو عملی اقتصادی منصوبوں میں تبدیل کیا جا سکے۔ اسحاق ڈار نے مشترکہ ورکنگ گروپس، ادارہ جاتی رابطوں اور باقاعدہ پیش رفت کے جائزے کے ذریعے طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کمیشن سابقہ معاہدوں کا جائزہ لینے اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے عملی اقدامات طے کرنے کا اہم فورم ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرائے توانائی، تجارت اور پیٹرولیم سمیت مختلف وزارتوں کے وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس سے قبل اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں رشید مرادوف سے ون آن ون ملاقات بھی کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ زیر التوا معاملات کے حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔ رشید مرادوف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس سے افتتاحی خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جو باہمی احترام، تاریخی روابط اور علاقائی خوشحالی کے مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ ترکمان وزیر خارجہ نے پاکستان کو وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان اقتصادی روابط مضبوط بنانے کے لیے اہم شراکت دار قرار دیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ترکمانستان کے وزیر تجارت و اقتصادی تعلقات دورگلی سلیمانوف سے الگ ملاقات کی، جس میں تجارت بڑھانے، منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ جام کمال خان نے ٹیکسٹائل، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، مینوفیکچرنگ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں مشترکہ کاروباری مواقع کی نشاندہی کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مال برداری کے اخراجات میں اضافے اور روایتی تجارتی راستوں میں رکاوٹوں کے باعث علاقائی اقتصادی انضمام کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد اور اشک آباد کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے اور زرعی و غذائی مصنوعات کی ترسیل کے لیے چارٹرڈ کارگو سروسز متعارف کرانے کی تجویز دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر فضائی روابط سے جلد خراب ہونے والی مصنوعات کی بروقت برآمدات ممکن ہو سکیں گی۔ ترکمان وزیر نے فضائی روابط بہتر بنانے کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس تجویز پر متعلقہ ہوا بازی حکام کے ساتھ مزید بات چیت کی جا سکتی ہے۔
جام کمال خان نے وسطی ایشیا میں نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے سرحد پار نقل و حمل میں سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔ دونوں وزرا نے متبادل تجارتی راستوں، پاکستانی ماربل اور دیگر مصنوعات کو وسطی ایشیائی منڈیوں تک پہنچانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تاجروں اور سرمایہ کاروں کی آمدورفت بڑھانے کے لیے کاروباری ویزوں کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں ترکمان وزیر تجارت نے دوطرفہ تجارت میں حالیہ کمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تجارتی حجم بحال کرنے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے مطابق 2025 میں پاکستان اور ترکمانستان کی باہمی تجارت 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی، تاہم یہ 2024 کے مقابلے میں تقریباً 23 فیصد کم تھی۔ 2026 کے پہلے نو ماہ میں دوطرفہ تجارت تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 56 فیصد کم ہے۔
ترکمان وزیر نے اس کمی کی بنیادی وجہ ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی کو قرار دیا اور روایتی تجارتی حجم بحال کرنے کے ساتھ پاکستان کو برآمدات میں تنوع پیدا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے قابل برآمد مصنوعات اور درآمدی تقاضوں کی تازہ فہرستوں کے تبادلے کی تجویز بھی دی۔ دونوں وزرا نے تجارتی امور پر مسلسل رابطے اور پیش رفت کے لیے فوکل پرسنز نامزد کرنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان کی جانب سے جوائنٹ سیکریٹری ماریہ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا، جبکہ ترکمانستان نے بھی اپنا نمائندہ نامزد کیا۔
جام کمال خان نے اپنے ہم منصب کو پاکستان کے پانچ سالہ ٹیرف میں معقولیت لانے کے پروگرام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کسٹم ڈیوٹیز میں مرحلہ وار کمی سے عالمی کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے وزارت تجارت کے تیار کردہ آن لائن تجارتی معلوماتی پورٹل کے بارے میں بھی بتایا، جہاں ترجیحی تجارتی معاہدوں اور ٹیرف شیڈولز سے متعلق معلومات دستیاب ہیں۔ دونوں فریقوں نے چیمبرز آف کامرس، صنعتی انجمنوں اور کاروباری برادری کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے اور پاکستان کی بین الاقوامی نمائشوں، خصوصاً خوراک، زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں ترکمانستان کی شرکت بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا۔