ٹرمپ کا دورہ ایشیا، روسی اور چینی صدور سے جوہری ہتھیاروں پر بات چیت ہوگی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کو ایشیا کے کئی روزہ دورے پر روانہ ہوگئے، جہاں رواں ہفتے کے آخر میں ان کی روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات طے ہے۔ ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ میں کمی، ایران اور یوکرین کی جنگوں سمیت اہم عالمی امور پر بات چیت متوقع ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق روانگی سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنے دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین میں ان کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے بھی ملاقات ہوسکتی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کے درمیان یہ پہلی مشترکہ ملاقات ہوگی، جس میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو محدود کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہونے جارہی ہے جب ایران اور یوکرین کی جنگیں عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے پیر کو گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تینوں رہنماؤں کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ میں کمی جیسے مشکل موضوع پر بات ہوگی، جبکہ ایران اور یوکرین کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئے گی۔
امریکی صدر اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں فلپائن جائیں گے، جہاں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کا سالانہ اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ منگل کو وہ جاپان، بھارت اور آسٹریلیا کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جس میں بحرہند اور بحرالکاہل کے خطے کی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ تھائی لینڈ کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر بھی دستخط کریں گے اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک سمیت خطے کے دیگر رہنماؤں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے میں شرکت کریں گے۔
بدھ کو امریکی صدر کی فلپائن کے صدر بونگ بونگ مارکوس سے صدارتی محل میں سرکاری ملاقات اور ظہرانے میں شرکت متوقع ہے، جس کے بعد وہ چین کے شہر شین ژین روانہ ہوں گے۔
چین میں صدر ٹرمپ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ جمعرات کو ان کی روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اہم ملاقات ہوگی۔
وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک بھی اس دورے میں صدر ٹرمپ کے ہمراہ ہوں گے، تاہم وہ پوتن اور شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں شریک نہیں ہوں گے۔