نئے کھلاڑیوں کا آغاز اچھا ہے، مستقبل روشن ہے، سلمان علی آغا
پاکستانی آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑیوں نے اچھا آغاز کیا ہے اور ان کا مستقبل روشن ہے۔ ان کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ فٹنس، صبر اور مہارت کا امتحان ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ راولپنڈی کی وکٹ اچھی ہے، جہاں بلے بازوں اور بولرز دونوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکتا ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ٹیم کو اہم مرحلوں پر اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔
انہوں نے نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں بہترین بولنگ کی۔ ہمیں ڈومیسٹک کرکٹ کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی کنڈیشنز کو سمجھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ ثاقب خان نے پہلے ٹیسٹ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔