تازہ ترین

عمر قید کے مجرم کو 15 سال حقیقی قید سے پہلے رہا نہیں کیا جا سکتا، سپریم کورٹ

0

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں کی رہائی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عمر قید کا مجرم کم از کم 15 سال حقیقی قید کاٹے بغیر رہا نہیں ہو سکتا۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ 15 سال کی حقیقی قید مکمل ہونے سے پہلے انتظامی معافیوں کے ذریعے رہائی قانون کی نظر میں غیر مؤثر اور کالعدم ہے۔

جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جیل حکام معمول کی معافیاں جمع کرکے عمر قید کی سزا کو 15 سال سے کم نہیں کر سکتے۔ جیل حکام آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت صدر مملکت کے اختیارات استعمال نہیں کر سکتے اور نہ ہی انتظامی حکام کو عدالتی فیصلوں کی حتمیت اور تقدس متاثر کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

فیصلے کے مطابق قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والا مجرم گل نواب 9 سال 11 ماہ قید کاٹنے کے بعد رہا ہو گیا تھا۔ سینٹرل جیل مردان کی رپورٹ میں اس کی قبل از وقت رہائی کا انکشاف ہوا، جس پر سپریم کورٹ نے رہائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے فوری گرفتار کرکے دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ مجرم کو باقی ماندہ سزا پوری کرنے کے لیے دوبارہ جیل میں رکھا جائے گا اور جیل سے باہر آزاد رہنے کا عرصہ سزا میں شمار نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو مجرم کی گرفتاری کے لیے نیا وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کو آئین کے تحت سزا معاف یا کم کرنے کا اختیار حاصل ہے، تاہم خصوصی صدارتی معافی برقرار رہے گی اور حقیقی قید کی مدت 15 سال سے کم نہیں ہو سکتی۔ اگر عمومی معافیوں کے نتیجے میں قید کی مدت 15 سال سے کم ہو تو انہیں ضروری حد تک کم کیا جائے گا۔ عدالت کے مطابق صدارتی معافی کا بنیادی مقصد مجرموں کی اصلاح، بحالی اور کردار سازی ہے۔

سپریم کورٹ نے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو حکم دیا ہے کہ ہر قیدی کی سزا پر عمل درآمد کی مکمل تفصیلات متعلقہ ٹرائل کورٹس کو بھجوائی جائیں۔ عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 400 کے تحت سزا کے وارنٹ بھی متعلقہ ٹرائل کورٹ کو واپس بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔

عدالت نے سیکریٹری محکمہ داخلہ اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبرپختونخوا کو بھی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ خیبرپختونخوا کی تمام جیلوں میں 21 اکتوبر 2026 کی انتظامی ہدایات پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے فیصلے کی نقل تمام ہائی کورٹس کے رجسٹرارز کو بھی بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ سزا پر عمل درآمد محض مجرم کے جیل سے باہر آنے سے مکمل تصور نہیں کیا جا سکتا۔ عدالتوں کو یقینی بنانا ہوگا کہ سزاؤں پر قانون کے مطابق مکمل عمل درآمد ہو اور انتظامی غفلت یا غیر مجاز رعایتوں کے باعث عدالتی فیصلوں کی ساکھ متاثر نہ ہو، کیونکہ سزا پر درست عمل درآمد نہ ہونے سے نظام انصاف پر عوام کا اعتماد کمزور ہوتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.