تازہ ترین

ٹرمپ چین کے دورے سے قبل منیلا پہنچ گئے، کواڈ اجلاس میں شرکت کریں گے

0

منیلا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے اہم دورے سے قبل فلپائن کے دارالحکومت منیلا پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی آمد کے موقع پر احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں۔ ٹرمپ اپنے ایشیائی دورے کے دوران دو سال کے وقفے کے بعد امریکا، جاپان، آسٹریلیا اور بھارت پر مشتمل کواڈ گروپ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

امریکی صدر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر منیلا پہنچے، جہاں وہ اسی روز امریکا اور آسیان کے درمیان خصوصی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

ٹرمپ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دوسری جانب چین پر جاسوسی کے الزامات اور مصنوعی ذہانت کے لیے جدید چپس تک اس کی رسائی محدود کرنے کے امریکی اقدامات نے دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

ٹرمپ کی آمد سے قبل منیلا میں مسلسل پانچویں روز احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے امریکی صدر کے پتلے نذر آتش کیے، مشرق وسطیٰ میں جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور ’پیکس سلیکا‘ سپلائی چین منصوبے کو ختم کرنے پر بھی زور دیا۔

کواڈ گروپ کے اجلاس میں سمندری سلامتی، اہم معدنیات کی فراہمی، برآمدات پر پابندیوں، مصنوعی ذہانت، زیر سمندر مواصلاتی کیبلز، نئی ٹیکنالوجی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹرمپ تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول کے ساتھ باہمی تجارت سے متعلق مشترکہ بیان پر دستخط کریں گے، جبکہ بدھ کو فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر سے ملاقات بھی کریں گے۔

دوسری جانب ایشیا روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ آیا وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں چین کو ایران سے تیل کی خریداری بند کرنے کے لیے کہیں گے یا نہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ چین کے دورے کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کر سکتے ہیں، تاہم اس کا حتمی فیصلہ چینی صدر شی جن پنگ پر منحصر ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.