جناح پیپلز ٹرین سے طلبہ، ملازمین اور شہریوں کو سفری سہولت ملے گی، صادق عمرانی
بلوچستان میں عوامی سفری سہولیات کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے شروع کی گئی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین ’’جناح پیپلز ٹرین‘‘ کو صوبائی حکومت کی جانب سے کوئٹہ کے شہریوں کے لیے بڑا تحفہ قرار دیا گیا ہے۔
بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں ماس ٹرانزٹ ٹرین کا آغاز عوام کو جدید، محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
صادق عمرانی نے بتایا کہ جناح پیپلز ٹرین کے لیے 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ صرف 120 روز میں مکمل کیا گیا، جبکہ ٹرین کے روٹ میں کچلاک سے سریاب تک سات اسٹیشن شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کے آغاز سے طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت حاصل ہوگی، جبکہ سفر کے وقت اور اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت عوامی سہولیات کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور شہریوں کے لیے بہتر سفری نظام فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔