تازہ ترین

عوام کو سرکاری بانڈز اور ٹی بلز کی اسٹاک مارکیٹ سے خرید و فروخت کی اجازت دینے کا منصوبہ

0

پاکستان میں سرکاری بانڈز اور ٹی بلز کی خرید و فروخت کو عام سرمایہ کاروں کے لیے مزید آسان بنانے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، جس کے تحت اہل سرمایہ کار اپنے بینکوں کے ذریعے اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ حکومتی سیکیورٹیز کی خرید و فروخت کرسکیں گے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے تحت پاکستانی روپے میں بانڈ مارکیٹ کو مضبوط بنانے کے لیے تفصیلی ایکشن پلان جاری کردیا گیا ہے، جس کے مختلف اقدامات کی تکمیل کے لیے ستمبر 2028 تک ڈیڈ لائنز مقرر کی گئی ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق منصوبے کا بنیادی مقصد سرکاری بانڈز کی مارکیٹ کو زیادہ شفاف، فعال اور عام سرمایہ کاروں کے لیے قابل رسائی بنانا ہے۔ اس مقصد کے لیے بانڈ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے اور خرید و فروخت کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

دستاویز کے مطابق اس وقت بینک حکومت کی تقریباً 78 فیصد سیکیورٹیز اپنے پاس رکھتے ہیں، جبکہ حکومتی بانڈز بینکنگ سیکٹر کے مجموعی اثاثوں کا تقریباً 62 فیصد حصہ ہیں۔

نئی پالیسی کے تحت اہل صارفین اپنے متعلقہ بینکوں کے ذریعے اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ سرکاری سیکیورٹیز باآسانی خرید اور فروخت کرسکیں گے۔ اس عمل کی نگرانی اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سینٹرل ڈپازٹری کمپنی مشترکہ طور پر کریں گے۔

حکومت اور اسٹیٹ بینک مالی سال 2027-28 کے لیے پرائمری ڈیلرز کے نظام کو بھی مزید بہتر بنانے پر کام کریں گے۔

aوزارت خزانہ کے مطابق بانڈ مارکیٹ میں بہتری سے حکومت کے لیے قرض لینے کی لاگت اور مالیاتی خطرات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ اس سے نجی شعبے کے لیے قرض اور سرمایہ کاری کی زیادہ مستحکم بنیاد فراہم ہونے کی توقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.