تازہ ترین

بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کی نئی راہیں، کراچی میں جدید آئی ٹی تربیت جاری

0

بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرکے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات جاری ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی میں نوجوانوں کے تربیتی پروگرام کا جائزہ لیا۔

بی ٹیوٹا کے منیجنگ ڈائریکٹر عبد الکبیر خان زرکون کی قیادت میں وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت کراچی میں زیرِ تربیت نوجوانوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔

پروگرام کے تحت بلوچستان کے ایک ہزار ہونہار نوجوانوں کو کراچی کے ادارے کیو ٹیک کے ذریعے جدید آئی ٹی اور تکنیکی شعبوں میں تربیت دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق تربیت مکمل ہونے کے بعد نوجوانوں کو معروف سافٹ ویئر ہاؤسز میں روزگار فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ معاشی طور پر خود کفیل ہو سکیں اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

عبدالکبیر زرکون اور وفد کے ارکان نے تربیتی مراکز، کلاس رومز اور رہائشی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیرِ تربیت نوجوانوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل بھی دریافت کیے اور متعلقہ حکام کو مسائل کے فوری حل کے لیے ہدایات دیں۔

ایم ڈی بی ٹیوٹا نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا، انہیں ہنرمند بنانا اور معاشی طور پر خود کفیل کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی مزید آئی ٹی کمپنیوں اور صنعتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے امکانات بھی تلاش کیے جا رہے ہیں تاکہ بلوچستان کے مزید سینکڑوں نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں معیاری تربیت کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

عبدالکبیر زرکون کے مطابق نوجوانوں کو ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کے لیے تربیتی پروگراموں کو مزید وسعت دینے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

وفد میں ڈائریکٹر غلام مصطفیٰ رئیسانی، ڈائریکٹر سربلند خان اور دیگر افسران شامل تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.