تازہ ترین

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان چوتھے اقتصادی جائزے پر مذاکرات جاری

0

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان چوتھے اقتصادی جائزے کے لیے اہم مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ملکی معاشی کارکردگی، اصلاحات اور مختلف شعبوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پاکستانی حکام کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ کو خودمختار دولت فنڈ اور گردشی قرضے میں کمی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جا رہا ہے، جبکہ معاشی اہداف اور اصلاحات پر بھی تفصیلی بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ نہ کرنے کی وجوہات، کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال، بنیادی مالیاتی سرپلس، غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور شرح تبادلہ سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام کی جانب سے ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس اصلاحات پر اقدامات سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، جبکہ صوبوں کی ٹیکس اور غیر ٹیکس آمدنی میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات پر بھی عالمی مالیاتی فنڈ کو آگاہ کیا جائے گا۔

وزارت توانائی کی جانب سے گردشی قرضے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی۔ موجودہ مذاکرات چوتھے جائزے کے تحت جاری ہیں، جبکہ کامیاب پیش رفت کی صورت میں پاکستان کے لیے تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی مجموعی مالی معاونت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.