تازہ ترین

مدھیہ پردیش میں شاہی مسجد کے معاملے پر کشیدگی، پولیس کا لاٹھی چارج اور آنسو گیس

0

اجین: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں 2028 کے سمہاستھا کمبھ میلے کی تیاریوں کے سلسلے میں سڑک کی توسیع کے لیے شاہی مسجد کے ایک حصے کو ہٹانے کے معاملے پر کشیدگی پیدا ہوگئی۔ کارروائی کے خلاف مسجد کے قریب جمع افراد اور پولیس کے درمیان صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سڑک کو کشادہ کرنے کے منصوبے کے تحت شاہی مسجد کا وہ حصہ ہٹایا جارہا ہے جو مجوزہ سڑک کی حدود میں آتا ہے۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی 2028 میں ہونے والے سمہاستھا کمبھ کے دوران زائرین کی آمدورفت کو بہتر بنانے کے لیے جاری ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے۔

مسجد کے تحفظ کے مطالبے پر مقامی افراد کئی روز سے مسجد کے قریب موجود تھے۔ پیر کی صبح انتظامیہ اور مسجد کمیٹی کے درمیان بات چیت کے بعد مسجد کے رکاوٹ بننے والے حصے کو ہٹانے کی کارروائی شروع ہوئی تو وہاں موجود افراد کی جانب سے احتجاج اور نعرے بازی کی اطلاعات سامنے آئیں۔

صورتحال مزید کشیدہ ہونے پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے، جبکہ بعد میں لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس دوران پولیس اور احتجاج کرنے والے افراد کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور پولیس پر پتھراؤ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

رپورٹس کے مطابق شاہی مسجد کے حصے کو ہٹانے کا معاملہ پہلے ہی قانونی سطح پر بھی زیرِ بحث رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں اس معاملے سے متعلق درخواستیں دائر کی گئی تھیں، جبکہ بعد میں مسجد کمیٹی کی جانب سے مزید قانونی کارروائی بھی کی گئی۔

مسجد کے مینار اور عمارت کے بعض حصوں کے حوالے سے بھی مقامی افراد اور انتظامیہ کے درمیان اختلافات کی اطلاعات ہیں۔ مقامی افراد کی جانب سے متبادل راستے یا متبادل انتظامات کی تجاویز پیش کیے جانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اجین کے پولیس اور انتظامی حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کی توسیع کا کام منصوبے اور متعلقہ انتظامی کارروائی کے تحت کیا جارہا ہے۔ حکام نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے اور افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل بھی کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.