رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026 کے فائنل میں سری لنکا اے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان شاہینز کو ایک وکٹ سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
دوحہ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا اے نے 217 رنز کا ہدف 42ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سری لنکا کی جانب سے نشان مدوشکا نے 87 رنز کی شاندار میچ وننگ اننگز کھیلی، جبکہ پوان رتانائیکے نے 30 اور لاستھ کروسپولی نے 26 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے نے جارحانہ آغاز کیا اور ابتدائی تین اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 23 رنز بنا لیے۔ تاہم میچ کے آخری لمحات میں مقابلہ انتہائی سنسنی خیز ہوگیا اور سری لنکا کو کامیابی کے لیے آخری وکٹ پر 22 رنز درکار تھے۔
سری لنکا اے نے آخری وکٹ پر 22 رنز بنا کر ہدف حاصل کیا۔ لاہیرو سماراکون نے فیصلہ کن وننگ شاٹ کھیل کر اپنی ٹیم کو چیمپئن بنا دیا۔
پاکستان شاہینز کی جانب سے علی رضا اور سفیان مقیم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حسن نواز، معاذ صداقت اور احمد دانیال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان شاہینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے اب تک ہونے والے سات ایڈیشنز میں تین مرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ گزشتہ ایڈیشن کے ٹی 20 فائنل میں پاکستان نے سپر اوور میں بنگلہ دیش اے کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔