پاکستان کے فری لانسرز نے عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران 760 ملین ڈالر کی برآمدات حاصل کر لی ہیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 47 فیصد زیادہ ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کراچی میں سیلانی ابنِ آدم آئی ٹی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر میں فری لانسرز کی برآمدات 210 ملین ڈالر رہیں، جن میں 53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تقریب میں وزیر خزانہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور آئی ٹی پارک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان فری لانسرز عالمی مارکیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، جبکہ ان کی مہارتیں 100 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
محمد اورنگزیب کے مطابق آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کے لیے حکومت نے ٹیکسوں میں کمی سمیت مختلف اقدامات کیے ہیں، جبکہ آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے بینکنگ نظام میں بھی آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 95 ملین سے بڑھ کر 140 ملین ہو چکی ہے، جبکہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا حجم 8 ارب سے تجاوز کر چکا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 12 سالہ پاکستانی بچہ بھی گھر بیٹھے ہزاروں ڈالر کمانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں اور انہیں سرکاری ملازمتوں کے بجائے اپنی صلاحیتوں کے ذریعے آمدن حاصل کرنے کے قابل بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے خواتین کی ڈیجیٹل مالیاتی نظام تک رسائی اور شمولیت بڑھانے پر بھی زور دیا۔
محمد اورنگزیب نے مصنوعی ذہانت کے دور میں سائبر سیکیورٹی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اور غیر ریاستی عناصر دونوں سے سائبر سیکیورٹی کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے پاکستانی اداروں کو ان خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سیلانی ویلفیئر بشیر فاروقی نے کہا کہ ادارے کا مقصد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی تعلیم فراہم کرکے بے روزگاری سے نکالنا اور خود کفیل بنانا ہے۔ سیلانی ابنِ آدم آئی ٹی پارک اسی مشن کا حصہ ہے، جہاں ہزاروں طلبہ کو مفت آئی ٹی تربیت دی جائے گی۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک فری لانسرز اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لیے بینکنگ نظام میں آسانیاں پیدا کر رہا ہے، تاکہ نوجوانوں کو اپنی رقوم پاکستان منتقل کرنے میں مشکلات پیش نہ آئیں اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام مزید مضبوط ہو۔
تقریب میں معروف کاروباری شخصیات بشیر جان محمد، محمد علی ٹبا اور دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔