پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے نیشنل پارٹی کے سربراہ اور بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں وفد نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں ملکی بالخصوص بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد بلیدی، رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ، بلوچستان اسمبلی کے رکن خیر جان اور نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک بھی شریک تھے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہمایوں خان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن بھی ملاقات میں موجود تھے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے درمیان ملک بھر، بالخصوص بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں نیشنل پارٹی کے وفد اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ریفرنڈم اور صوبوں سے متعلق معاملات پر بھی مشاورت کی گئی۔