تازہ ترین

محمود خان اچکزئی کا مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا محاصرہ ختم کرنے اور گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

0

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اسلام آباد پولیس کے دھاوے، خواتین کو ہراساں کرنے اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہوئے محاصرہ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں سیاسی اور جمہوری احتجاج ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، جس کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے سیاسی و جمہوری احتجاج کے جواب میں غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات، ہراسانی اور انسانی اقدار کے منافی طرزِ عمل ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت کے خلاف کیے جانے والے غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات کا تدارک ضروری ہے، جبکہ ملک کی تمام سیاسی و جمہوری جماعتوں اور افراد کے آئینی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیا جائے، ان کی جماعت کے تمام گرفتار افراد کو رہا کیا جائے اور ملک میں سیاسی و جمہوری جماعتوں کے خلاف ایسے اقدامات سے اجتناب کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.