تازہ ترین

فوڈ ایگ پاکستان نمائش کے خریداروں سے فوری رابطوں اور برآمدی معاہدوں کی ہدایت

0

پاکستان کی غذائی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے اور برآمدات بڑھانے کے لیے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تجارتی افسران کو بین الاقوامی خریداروں سے فوری رابطے کرنے اور کاروباری مذاکرات کو عملی برآمدی معاہدوں میں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے کراچی میں منعقدہ چوتھی فوڈ ایگ پاکستان نمائش کے اختتام پر تجارتی و سرمایہ کاری افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں نمائش کے دوران ہونے والی کاروباری سرگرمیوں اور عالمی خریداروں کے ساتھ روابط پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

جام کمال خان نے افسران کو ہدایت کی کہ نمائش میں ملاقات کرنے والے بین الاقوامی خریداروں اور پاکستانی نمائش کنندگان سے فوری رابطے کیے جائیں تاکہ کاروباری بات چیت کو برآمدی آرڈرز اور طویل مدتی تجارتی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران وزیر تجارت کو پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ انہوں نے نمائش میں افسران کی کارکردگی اور عالمی خریداروں و کاروباری وفود کے ساتھ روابط پر ان کی آرا بھی حاصل کیں۔

انہوں نے بین الاقوامی وفود کو پاکستان لانے، بیرون ملک خریداروں کو پاکستانی سپلائرز سے منسلک کرنے اور متعلقہ منڈیوں میں پاکستان کی تجارت کو فروغ دینے پر افسران کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر تجارت نے آئندہ نمائشوں میں کاروباری رابطوں اور غیر ملکی وفود کی سہولت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے خریداروں اور نمائش کنندگان کی تجاویز سے استفادہ کرنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے نمائش میں مخصوص جگہ مختص کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت سے پاکستانی کاروباری اداروں کو مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کے مزید مواقع ملیں گے۔

جام کمال خان نے یورپی، چینی اور دیگر کاروباری وفود کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے زرعی مشینری، فوڈ پروسیسنگ، ذخیرہ اندوزی اور گوداموں کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی بھی کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.