تازہ ترین

احسن اقبال اور چینی نائب وزیر تجارت کی ملاقات، سی پیک اقتصادی زونز تیز کرنے پر گفتگو

0

پاکستان اور چین نے سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام میں تیزی لانے اور پاکستانی مصنوعات کی چینی منڈی تک رسائی بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور چین کے نائب وزیر تجارت یان ڈونگ کے درمیان ہفتے کے روز ہونے والی ملاقات میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کے امکانات زیرِ غور آئے۔

ملاقات کے دوران احسن اقبال نے چینی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے وسیع امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ چین سالانہ تقریباً 3 ٹریلین ڈالر کی اشیا درآمد کرتا ہے، جبکہ پاکستان کی چین کو برآمدات تقریباً 3 ارب ڈالر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی مجموعی درآمدات میں پاکستان کا حصہ محض 0.1 فیصد ہے، جو پاکستانی مصنوعات کے لیے اس بڑی منڈی میں موجود وسیع امکانات کو ظاہر کرتا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز میں برآمدات پر مبنی صنعتوں کے قیام کے لیے سرمایہ کاری راغب کرنے اور پاکستانی کاروباری وفود کی چین میں تجارتی نمائشوں اور کاروباری ملاقاتوں میں شرکت آسان بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

ان اقدامات سے پاکستانی کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، چینی خریداروں سے براہِ راست روابط قائم کرنے اور طویل مدتی تجارتی شراکت داریاں تشکیل دینے کے مواقع فراہم ہونے کی توقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.