الجزائر سے مراکش تک بچوں کو فجر کے لیے جگانے کی تحریک مقبول
عرب ممالک میں بچوں کو بچپن ہی سے نماز کی پابندی اور نظم و ضبط کا عادی بنانے کے لیے شروع کی گئی ایک خوبصورت تحریک تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، جس کا دائرہ الجزائر سے نکل کر مراکش سمیت دیگر علاقوں تک پھیل گیا ہے۔
الجزائر میں ’رجال الفجر‘ یعنی مردانِ فجر کے نام سے شروع ہونے والی اس مہم کا مقصد کم عمر بچوں میں نماز کی پابندی، نظم و ضبط اور اچھے اخلاق کی بنیاد مضبوط کرنا ہے۔ اس کے تحت بچوں کو صبح سویرے بیدار ہوکر مسجد پہنچنے اور فجر کی نماز باجماعت ادا کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔
ابتدا میں چند بچوں سے شروع ہونے والی یہ کوشش رفتہ رفتہ کمیونٹی کی شمولیت اور سوشل میڈیا کے ذریعے مقبول ہوتی گئی۔ مراکش میں بھی ’فرسان الفجر‘ یعنی صبح کے شہسواروں کے نام سے اسی نوعیت کی تحریک سامنے آئی، جہاں صبح کی تاریکی میں مسجد کی جانب بڑھتے بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز نے لوگوں کی توجہ حاصل کی۔
اس تحریک کو صرف نماز کی ادائیگی تک محدود نہیں سمجھا جا رہا بلکہ اسے بچوں میں وقت کی پابندی، صفائی، نظم و ضبط، باہمی دوستی، احترام اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کی عملی کوشش بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس مہم کا نمایاں پہلو یہ ہے کہ بچوں کو محض نصیحتیں کرنے کے بجائے روزمرہ زندگی میں مثبت عادات اپنانے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔