تازہ ترین

کراچی میں سیاسی جلسے کے پیش نظر ریڈ زون میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے، شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت

0

کراچی میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے فوارہ چوک پر جلسے کے اعلان کے بعد ریڈ زون میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا کر بعض سڑکوں کو جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق گورنر ہاؤس سے میٹروپول تک مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں، جبکہ گورنر ہاؤس روڈ کو بھی کنٹینرز لگا کر جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سیاسی جماعت کی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک، عبداللہ ہارون روڈ پہنچے گی، جس کے باعث پی آئی ڈی سی روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ متوقع ہے۔

ٹریفک حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ ایم آر کیانی روڈ سے آنے والے شہری سرور شہید روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور لکی اسٹار کا راستہ استعمال کر سکتے ہیں۔

اسی طرح ایم اے جناح روڈ سے آنے والے شہریوں کو فوارہ چوک کے بجائے متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ڈی آئی جی آفس سے صدر، زینب مارکیٹ یا ریگل چوک جانے والے شہری بھی متبادل راستوں کا رخ کریں۔

مزید برآں صدر موبائل مارکیٹ سے کینٹ اسٹیشن جانے والی اور کھجور چوک سے فوارہ چوک آنے والی ٹریفک کو بھی متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے تعاون کریں۔ کسی بھی دشواری یا رہنمائی کے لیے شہری ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.