برمنگھم کے 17 سالہ سلیمان خان نے عالمی روبوٹکس مقابلہ جیت کر 2 لاکھ ڈالر کا انعام حاصل کرلیا
برطانیہ کے شہر برمنگھم سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ مسلمان نوجوان سلیمان خان نے عالمی روبوٹکس مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 لاکھ ڈالر کا انعام جیت لیا ہے۔
سلیمان خان نے روبوٹکس کے شعبے میں ایک ایسی کِٹ تیار کی ہے جس کی مدد سے نوجوان خود روبوٹک ہاتھ بنا سکتے ہیں اور اس عمل کے دوران پروگرامنگ اور انجینئرنگ کی بنیادی مہارتیں بھی سیکھ سکتے ہیں۔
ان کی اس تخلیقی کاوش نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی۔ انہوں نے لندن میں منعقدہ علی بابا کے CoCreate Pitch مقابلے میں ہزاروں امیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گرینڈ ونر کا اعزاز حاصل کیا۔ اس عالمی مقابلے میں مختلف ممالک سے تقریباً 20 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
خود سیکھ کر روبوٹکس کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے والے سلیمان خان اپنی کمپنی SuleyNova Robotics کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روبوٹکس کی تعلیم کو آسان، قابل رسائی اور عام بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
صرف 17 برس کی عمر میں عالمی سطح پر یہ کامیابی حاصل کرنے والے سلیمان خان کی کاوش نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے کہ تخلیقی سوچ، محنت اور علم کے ذریعے کم عمری میں بھی بڑے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔