بلوچستان حکومت نے مکران روٹ پر مسافر بسوں کے ذریعے ایرانی تیل کی نقل و حمل روکنے کے لیے مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
گوادر میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مکران روٹ پر چلنے والی مسافر بسوں میں ایرانی تیل کی ترسیل کی اجازت نہیں ہوگی۔
اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی مسافر بسوں اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مسافر بسیں عوام کو محفوظ سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہیں اور انہیں تیل کی غیر قانونی نقل و حمل کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے پابندی پر مؤثر عمل درآمد اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سیکریٹریز کمیٹی کے حالیہ دورہ گوادر، کیچ اور پنجگور کی جامع رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس دورے کا مقصد عوامی شکایات کا ازالہ، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا تھا۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات زاہد سلیم نے اجلاس کو عوامی سماعتوں، تعلیمی و صحت کے اداروں کے معائنے اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
عوامی شکایات کے حل اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نشاندہی کیے گئے مسائل کو تین مراحل میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فوری اقدامات کے لیے 7 سے 10 روز، درمیانی مدت کے اقدامات کے لیے 20 روز اور طویل مدتی اقدامات کے لیے 60 روز کی مدت مقرر کی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مکران ڈویژن میں مجموعی طور پر ایک ہزار 472 اسکول اور 10 ہزار 236 تدریسی و غیر تدریسی ملازمین موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اساتذہ کی تعیناتی اور دستیاب وسائل کو ضروریات کے مطابق بہتر بنانے، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، اسکولوں میں قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانہ پڑھنے کو یقینی بنانے کے ساتھ ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈویژن کی 107 اسکول بسوں کو فعال بنانے کے لیے ایندھن اور ڈرائیوروں کی مد میں فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ گوادر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور جی ڈی اے ٹراما سینٹر کے مؤثر انتظام کے لیے 10 روز میں منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔