تازہ ترین

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا فائنل آج، پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے ٹائٹل کے لیے مدمقابل

0

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے ٹائٹل کے حصول کے لیے پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کی ٹیمیں آج دوحہ میں فیصلہ کن مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں پاکستانی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے اور ایک بار پھر چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گی۔

عبدالصمد کی قیادت میں پاکستان شاہینز ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔ پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ سری لنکا اے نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فیصلہ کن مرحلے تک رسائی حاصل کی۔

سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے نے پاکستان کو 233 رنز کا ہدف دیا، جسے شاہینز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں حسن نواز نے 62 رنز کی اننگز کھیلی اور شاہ زیب خان کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی شراکت قائم کی۔ شاہ زیب خان نے بھی 50 رنز بنائے۔

بعد ازاں کپتان عبدالصمد نے 44 رنز اسکور کیے، جبکہ فرحان یوسف 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ ناک آؤٹ میچ میں دباؤ کو سنبھالنا اور اہم شراکتیں قائم کرنا کامیابی کی بنیادی وجہ بنا۔ ان کے مطابق وکٹیں گرنے کے بعد انہوں نے اور کپتان عبدالصمد نے میچ کو آخری مراحل تک لے جانے کا منصوبہ بنایا، جس پر عمل درآمد سے پاکستان کو کامیابی ملی۔

پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات، بھارت اے اور نیپال کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

ٹورنامنٹ کے دوران حسن نواز نے بیٹنگ کے ساتھ آف اسپن بولنگ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ سفیان مقیم، علی رضا اور محمد عمران بھی پاکستانی بولنگ اٹیک کے اہم کھلاڑیوں میں شامل رہے۔

دوسری جانب سری لنکا اے نے سیمی فائنل میں بھارت اے کے خلاف 318 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جس کے بعد فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

فرحان یوسف کے مطابق دوحہ میں موسم اور نرم آؤٹ فیلڈ کے باعث بولرز، خصوصاً اسپنرز کو مشکلات کا سامنا رہا ہے، تاہم پاکستانی بولنگ یونٹ نے پورے ٹورنامنٹ میں محنت کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان شاہینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے اب تک ہونے والے 7 ایڈیشنز میں 3 مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے۔ گزشتہ ایڈیشن کے ٹی 20 فائنل میں پاکستان نے سپر اوور میں بنگلہ دیش اے کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

اتوار کو ہونے والا فائنل آٹھ ایڈیشنز میں پاکستان شاہینز کی چھٹی فائنل شرکت ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.