تازہ ترین

بلوچستان کا پہلا جدید امراضِ قلب اسپتال تیار، 150 بستروں پر مشتمل مرکز کا افتتاح دسمبر میں ہوگا

0

بلوچستان میں امراضِ قلب کے علاج کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں صوبے کے پہلے اسٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک اسپتال کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔ 150 بستروں پر مشتمل بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز (بی آئی سی وی ڈی) کا افتتاح دسمبر میں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منصوبے کی تکمیل اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور کام کی بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے وزیراعلیٰ کو اسپتال کے منصوبے، جدید طبی سہولیات، انتظامی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 150 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال میں ملک بھر سے ممتاز ماہرینِ امراضِ قلب کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جبکہ اسپتال سے منسلک تین سیٹلائٹ مراکز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ صوبے کے تمام ضلعی اسپتالوں میں چیسٹ پین مینجمنٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے، تاکہ دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو ابتدائی طبی امداد، بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات ان کے اپنے اضلاع میں میسر آسکیں۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو دل کے امراض کے علاج کے لیے اب دیگر شہروں کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، کیونکہ بی آئی سی وی ڈی میں جدید طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں کی دستیابی سے مقامی سطح پر علاج ممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اسپتال کو مکمل فعال اور جدید طبی ادارہ بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع تک امراضِ قلب کی بنیادی طبی سہولیات کی توسیع کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا جا رہا ہے، تاکہ شہری اور دور دراز علاقوں کے عوام بھی جدید طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.