بجلی کی قیمتوں میں استحکام اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نئے مالیاتی ذرائع کے استعمال پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر عماد فاخوری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، نجکاری کے عمل اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ٹیرف فنانسنگ کے ذریعے بجلی کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے اور انہیں بتدریج کم کرنے کے مختلف اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ حکومت کے تمام اصلاحاتی اقدامات کا بنیادی مقصد صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافے کو روکنے اور ان میں بتدریج کمی لانے کے لیے ٹیرف فنانسنگ سمیت جدید مالیاتی ذرائع کا استعمال ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو فروغ دینے اور ترقیاتی منصوبوں میں مالی نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، ایڈوانسڈ میٹرنگ انفرا اسٹرکچر کے نفاذ اور نیشنل گرڈ کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اویس لغاری نے کہا کہ کمرشل فنانسنگ کے فروغ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر عماد فاخوری نے کہا کہ ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایف سی پاکستان کے پاور سیکٹر میں مالیاتی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے باہمی اشتراک مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔