چمالنگ میں 11 مزدوروں کا قتل انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے، بابر یوسفزئی
معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے ضلع دکی کی حدود چمالنگ میں 11 مقامی مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ محنت کشوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم ہے۔
اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان بی ایل اے کے دہشت گردوں نے ایسے غریب مقامی مزدوروں کو نشانہ بنایا جو محنت مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کا پیٹ پالتے تھے۔ بلوچستان کے محنت کش عوام کو نشانہ بنانا امن اور ترقی کے دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی ہے، کیونکہ یہ عناصر صوبے میں ترقی، خوشحالی اور روزگار کے مواقع سے خائف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے غریب عوام اور محنت کشوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ معصوم مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
بابر یوسفزئی نے شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔