تازہ ترین

حافظ نعیم الرحمٰن 12 دسمبر کو پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے

0

پشاور: جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا کی سیاسی، آئینی اور امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 12 دسمبر کو پشاور میں جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن خصوصی خطاب کریں گے۔

جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے صوبائی امیر عبد الواسی کی زیر صدارت صوبائی عہدیداروں، ضلعی امرا اور جنرل سیکریٹریز کا اہم اجلاس مرکز اسلامی پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکریٹری صابر حسین اعوان، نائب امرا میاں صاحب الدین کاکاخیل، مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل، حاجی محمد اسلم اور دیگر صوبائی و ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کی موجودہ سیاسی، آئینی، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ 12 دسمبر کو پشاور میں ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں صوبے بھر سے عوام شرکت کریں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبد الواسی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بحالی، دہشت گردی کا خاتمہ اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ناگزیر ہے، تاہم ان مسائل کی بنیاد پر منتخب صوبائی حکومت کو معطل کرنے اور آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرنے کے اقدامات قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان غیر معمولی اقدامات کے جواز، ضرورت، دائرہ کار اور مدت کے حوالے سے سنجیدہ سوالات موجود ہیں۔ ان کے مطابق صوبے کے عوام اس وقت دو مختلف انتظامی نظاموں کے درمیان گھرے ہوئے ہیں، جہاں 12 اضلاع میں وفاق کی جانب سے مقرر کردہ ایڈمنسٹریٹرز کے تحت الگ نظام چل رہا ہے، جبکہ باقی صوبے میں انتظامی اختیارات گورنر کو منتقل کیے گئے ہیں۔ اس صورتحال سے صوبے کی انتظامی وحدت متاثر ہوئی ہے۔

اجلاس میں منظور کی گئی متفقہ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور ان غیر معمولی اقدامات کے خاتمے کے لیے واضح اور قابل عمل لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ دہشت گردی اور بدامنی کا مقابلہ کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم امن و امان کے قیام کو سیاسی اور جمہوری اداروں کی معطلی، صوبائی خودمختاری میں غیر ضروری مداخلت اور عوام کے آئینی حقوق محدود کرنے کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔

اجلاس میں صوبے میں بلدیاتی انتخابات مسلسل ملتوی ہونے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے 5 نومبر 2026 کو مزید احکامات تک انتخابی تیاریوں کو روکنے کے فیصلے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات محض انتظامی سرگرمی نہیں بلکہ عوام کا بنیادی جمہوری حق اور آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت حکومت کی ذمہ داری ہیں۔ بلدیاتی اداروں کی عدم موجودگی سے مقامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوامی احتساب کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔

اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 52 روپے فی لیٹر تک کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہیں کی گئی، جو حکومت کی ناکامی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں عدم دلچسپی کا ثبوت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.