اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے عوامی صحت کے تحفظ، بیماریوں کی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے اور متعدی امراض کے پھیلاؤ سے ہونے والے معاشی نقصانات کی روک تھام کے لیے مربوط ون ہیلتھ (One Health) نظام اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہیں ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے پروفیسر طارق محمود علی اور متعلقہ ماہرین نے ون ہیلتھ منصوبے کی پیشرفت، کامیابیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں تقریباً 60 فیصد متعدی بیماریاں جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہیں، اس لیے انسانی صحت، جانوروں کی صحت اور ماحولیات کے شعبوں کے درمیان مربوط تعاون ضروری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق ریبیز، کریمین کانگو ہیمرجک فیور اور انفلوئنزا سمیت چھ بیماریوں کو ترجیحی فہرست میں شامل کیا ہے۔ یہ منصوبہ 2022 میں تجویز کیا گیا، 2024 میں منظور ہوا اور 2025 میں شروع کیا گیا، جبکہ اب تک اس کی طے شدہ سرگرمیوں میں سے 25 فیصد مکمل ہو چکی ہیں۔
منصوبے کی ایک اہم پیشرفت ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی جانب سے جنوبی ایشیا کا پہلا ون ہیلتھ نصاب تیار کرنا ہے، جس میں انسانی صحت، لائیوسٹاک، مذبح خانوں سے وابستہ افراد اور کمیونٹی کی سطح پر آگاہی و تربیت کو شامل کیا گیا ہے۔
اجلاس کو ایک مربوط ڈیجیٹل بیماریوں کی نگرانی کے ڈیش بورڈ کی تیاری سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کا مقصد بیماریوں کے پھیلاؤ کی فوری اطلاع دینا اور بروقت ردعمل یقینی بنانا ہے۔ اس نظام کے تحت متعلقہ حکام کو چند منٹوں میں الرٹس موصول ہو سکیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ون ہیلتھ نظام سے 30 ارب ڈالر تک معاشی فوائد حاصل ہونے اور صحت کے اخراجات میں 35 فیصد تک کمی ممکن ہے۔ مزید بتایا گیا کہ جنوری 2024 سے مارچ 2025 کے دوران پاکستان میں کتوں کے کاٹنے کے 9 لاکھ 62 ہزار 575 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ مچھلیوں کی فارمنگ میں اینٹی بائیوٹکس کے ضرورت سے زیادہ استعمال کے باعث مچھلیوں کی 45 فیصد برآمدات مسترد ہوئیں۔
احسن اقبال نے خوراک کے تحفظ کے لیے عالمی معیار کے مطابق سخت کوالٹی کنٹرول، مسلسل نگرانی اور مائیکرو لیول پر معائنے کے نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے انسانی صحت، ویٹرنری اور ماحولیاتی اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی تجویز کی حمایت کی۔
وفاقی وزیر نے ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں ون ہیلتھ سینٹر آف ایکسیلینس قائم کرنے کی تجویز کی بھی حمایت کی، جس کا مقصد طویل المدتی تحقیق، بیماریوں سے نمٹنے کی تیاری اور ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے مجوزہ لائحہ عمل کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کو مزید کارروائی کے لیے باضابطہ مسودہ خط تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔