اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو خطے کا اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے ملک کی بندرگاہوں اور قومی شپنگ انڈسٹری میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سامان کی ترسیل کی استعداد بڑھانا اور آپریشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ملک کی بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے بندرگاہوں کے انتظام و انصرام سے متعلق سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ کاروباری برادری کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے باہمی تعاون سے کام کیا جائے۔
شہباز شریف نے سامان کی نقل و حمل، کسٹمز کلیئرنس اور بندرگاہوں سے متعلق دیگر طریقہ کار کو جدید بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تجارت کو زیادہ مؤثر بنانے اور کاروباری طبقے کی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہیں کاروبار کے فروغ اور معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ سرکاری شپنگ کمپنی کو جدید، مالی طور پر مستحکم اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل ادارہ بنایا جائے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ کارپوریشن کے بحری جہازوں کے بیڑے میں توسیع کے لیے قابل عمل منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ ملکی درآمدات اور برآمدات کے لیے اپنی شپنگ صلاحیت مضبوط بنائی جا سکے۔
اجلاس کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے کاروباری ترقیاتی منصوبے پر بریفنگ دی گئی، جس میں بحری بیڑے کی توسیع اور انسانی وسائل کے انتظام کو بہتر بنانے کی تجاویز شامل ہیں۔ ان اصلاحات کا مقصد 2030 تک پاکستان کی سمندری کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت کو عالمی سطح کے نمایاں آپریٹرز کے معیار کے مطابق لانا ہے۔
اجلاس میں وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظفر اقبال، ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار، پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔