کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کے قریب راشد آباد کے علاقے میں ایک فوڈ فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے بعد شدید آتشزدگی بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق فوڈ فیکٹری کی گراؤنڈ فلور پر بوائلر دھماکے سے پھٹا، جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور تیزی سے عمارت کے دیگر حصوں تک پھیل گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا اور اس کے مزید پھیلنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ فوڈ فیکٹری کے ساتھ ہی ایک گارمنٹس فیکٹری واقع ہے، جس کے باعث آگ قریبی عمارت تک پہنچنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 8 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل موقع پر موجود ہیں۔ فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے اور بڑے نقصان سے بچنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق آگ بجھانے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، تاہم مکمل طور پر آگ پر قابو پانے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔