تھائی لینڈ کا امریکی برآمدات پر تمام تجارتی محصولات ختم کرنے پر اتفاق
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ تھائی لینڈ نے امریکی برآمدات پر تمام تجارتی محصولات ختم کرنے اور تجارتی رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کرلیا ہے، جسے انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم تجارتی پیشرفت قرار دیا ہے۔
تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس معاہدے سے امریکہ اور تھائی لینڈ کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
معاہدے کے تحت تھائی لینڈ امریکی گاڑیوں، طبی آلات، ادویات اور ایتھنول سمیت مختلف مصنوعات پر غیر محصولاتی تجارتی پابندیاں بھی ختم کرے گا۔ ٹرمپ کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں معاہدے کی باضابطہ تفصیلات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول نے بھی معاہدے کو نئے تجارتی مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض معاملات پر مزید کام باقی ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ جلد معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے۔