اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا حصہ رہ کر حکومتی عہدوں اور پروٹوکول سے فائدہ اٹھانا اور دوسری جانب اپوزیشن کا کردار ادا کرنا کھلا تضاد اور دہرا معیار ہے۔
اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے۔ اگر پاکستان اور سندھ کے عوام مزید صوبوں کے قیام کے حق میں ہیں تو ایسا کر دیا جائے، بصورت دیگر نئے صوبے نہ بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہی وقت میں حکومتی پروٹوکول اور عہدوں سے بھی لطف اندوز ہونا اور خود کو اصولوں کی بالادست پوزیشن پر رکھنا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے اپوزیشن کا کردار ادا کرنا واضح تضاد ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں کئی دہائیوں سے اسی نظام کا حصہ رہی ہیں اور کوئی بھی خود کو اس کی کمزوریوں سے الگ نہیں کر سکتا۔ ان کے مطابق نیب میں اصلاحات بھی خود کی گئیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرایا جا رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور نظام حکمرانی میں بہتری سے متعلق بحث کو نہیں روکا جا سکتا۔ یہ بحث پارلیمان کے اندر بھی ہوگی اور اس سے باہر بھی جاری رہے گی، کیونکہ لوگوں کو بہتر طرز حکمرانی کے معاملے پر اپنی رائے دینے سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
ریفرنڈم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ آئین کا حصہ اور ایک آئینی طریقہ کار ہے، اسے چور دروازہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ماضی میں اگر ریفرنڈم کا غلط استعمال ہوا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ عوام کو ان کے جمہوری حق سے محروم رکھا جائے۔ عوام کو اپنے مستقبل سے متعلق معاملات پر رائے دینے کا اختیار حاصل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر خون بہانے کی باتوں کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی گفتگو سیاسی بصیرت کی عکاسی نہیں کرتی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ فساد کی بات کرنے کے بجائے عوام کی مرضی معلوم کرنے کی بات کیوں نہیں کی جاتی؟
صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور سندھ حکومت کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فریق ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں، اس لیے بہتر ہوگا کہ مل بیٹھ کر بات کی جائے اور عوام کی رائے کی بنیاد پر بہترین فیصلہ کیا جائے۔