تازہ ترین

بلوچستان کی پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو آج سے بیوٹمز کوئٹہ میں شروع ہوگی

0

کوئٹہ: بلوچستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صوبے کی پہلی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کا آغاز آج 18 نومبر سے بیوٹمز کوئٹہ میں ہوگا۔ دو روزہ ایکسپو 18 اور 19 نومبر کو جاری رہے گی، جس میں ملک بھر سے صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت منعقد ہونے والی اس ایکسپو میں مختلف کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ بلوچستان کے مقامی کاروباری ادارے بھی اپنی مصنوعات اور کاروباری صلاحیتیں متعارف کرائیں گے۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ BITE 2026 کا بنیادی مقصد صوبے کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور مقامی کاروباری برادری کو ملک کے بڑے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں سے منسلک کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات، زراعت، لائیوسٹاک، ماہی گیری، توانائی اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ایکسپو مقامی صنعت کاروں، تاجروں، نوجوان کاروباری افراد اور ہنرمندوں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے اور نئے کاروباری روابط قائم کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔

بلال خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا وژن بلوچستان کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے، جس کے لیے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نجی شعبے کے اشتراک سے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ایکسپو صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے، کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے اور معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.