اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے 27ویں آئینی ترمیم کو ’بروٹ فورس‘ کے ذریعے منظور کرانے سے متعلق بیان پر ان کی نااہلی کا معاملہ پیدا ہو سکتا ہے، کیونکہ انہوں نے خود اس ترمیم کے حق میں ووٹ دیا اور اس کے تحت قائم ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے رکن بھی بنے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل کا فیصلہ پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے ہوگا، جبکہ عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کرانے کی ضرورت ہوئی تو اس کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ ہی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ریفرنڈم اور 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے جو باتیں کی ہیں، وہ ان کے خیال میں قبل از وقت ہیں، کیونکہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی تشکیل کا معاملہ ابھی پارلیمنٹ میں زیر بحث نہیں آیا۔ ایسے میں اس معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرنا مناسب نہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو 27ویں آئینی ترمیم کو جبری اکثریت کے ذریعے منظور کرانے کی بات کر رہے ہیں، حالانکہ وہ خود اس ترمیم کے بینیفشری ہیں اور اسی کے نتیجے میں قائم ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے رکن بھی بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو واضح کرنا ہوگا کہ ’بروٹ فورس‘ سے ان کی کیا مراد ہے۔
ان کے مطابق اگر بلاول بھٹو کا مؤقف ہے کہ آئینی ترمیم ان سے دباؤ کے ذریعے منظور کرائی گئی تو پھر یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ انہوں نے ایک سیاسی جماعت کے سربراہ اور حکومت کے اہم اتحادی ہونے کے باوجود اس ترمیم کے حق میں دباؤ کے تحت ووٹ کیوں دیا؟ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر کوئی سیاسی جماعت کا سربراہ یہ مؤقف اختیار کرتا ہے کہ اس نے دباؤ میں آکر آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تو اس کے قانونی نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں اور نااہلی کا معاملہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اپنے بیان کی وضاحت کرنا ہوگی، کیونکہ وہ خود ان آئینی ترامیم کے نتیجے میں قائم ہونے والے نظام کا حصہ ہیں۔ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم پر ان کی تنقید اپنی جگہ، تاہم ان ترامیم کی منظوری کے عمل میں ان کا اپنا کردار بھی موجود ہے۔
رانا ثنا اللہ نے اپنے ذاتی تجزیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کی حالیہ ناراضی کی بنیادی وجہ سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق جاری بحث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو سندھ کی تقسیم کے معاملے پر شدید تحفظات ہیں، کیونکہ سندھ پارٹی کی سیاسی بنیاد ہے اور اس حوالے سے کسی بھی تجویز پر اسے سیاسی ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے حالیہ دنوں میں بعض سیاسی معاملات پر سنجیدہ اور مثبت گفتگو بھی کی تھی۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے تھے، تاہم بلاول بھٹو نے انہیں ختم کرکے اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھنے کی بات کی تھی۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق سندھ کی تقسیم سے متعلق بحث کے بعد ان کے بیانات میں سختی دکھائی دے رہی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے واضح کیا کہ بلاول بھٹو کے بیانات پر حکومت کی جانب سے جواب دینے کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں اتحادی جماعتیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئی ہیں، کیونکہ سیاسی معاملات میں اختلاف رائے ہوتا رہتا ہے اور اس کا مطلب اتحادی تعلقات کا خاتمہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی تشکیل سے متعلق معاملہ ابھی پارلیمنٹ میں زیر بحث نہیں آیا اور نہ ہی اس حوالے سے کابینہ میں کوئی باقاعدہ بحث ہوئی ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت اور اتفاق رائے سے ہی کیا جا سکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع ملے گا اور تفصیلی بحث کے بعد اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اگر عوام کی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز سامنے آئی تو اس کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ کرے گی۔