وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، جبکہ حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت تمام اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی مثال قائم کی۔ وطن کے امن و سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور پوری قوم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
شہباز شریف نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا کرے۔
انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش ہے، تاہم ایسے عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہے۔ پوری قوم اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔
دوسری جانب کوہاٹ میں شہید ہونے والے 10 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ایس ٹی سی گراؤنڈ میں ادا کردی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، آئی جی خیبرپختونخوا، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ کے علاقے گھمبٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس نفری پر پہاڑوں میں موجود دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی گھمبٹ حیدر زمان اور اے ایس آئی مختیار سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ 12 اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 18 خوارج بھی مارے گئے۔
پولیس کے مطابق حملے میں متعدد اہلکار شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ دہشت گردوں نے پولیس کی کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے میں شہید اہلکاروں کی تعداد کے حوالے سے سرکاری بیانات میں فرق سامنے آیا ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس نے 10 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی، جبکہ ریسکیو 1122 کے مطابق شہداء کی تعداد 11 تھی۔