عالمی مارکیٹ میں گراوٹ، پاکستان میں سونا مزید 10 ہزار 900 روپے سستا
پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ قیمت میں 10 ہزار 900 روپے کی بڑی گراوٹ کے بعد نیا نرخ 4 لاکھ 16 ہزار 536 روپے ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت بھی 9 ہزار 345 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 57 ہزار 112 روپے پر آگئی، جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 109 ڈالر کی کمی کے بعد 3 ہزار 940 ڈالر ہوگئی۔
اس سے ایک روز قبل بدھ، 11 نومبر کو بھی سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس روز فی تولہ نرخ 3 ہزار 400 روپے گھٹ کر 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 915 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے ہوگئی تھی۔
سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پر امریکی ڈالر کی قدر، معاشی غیر یقینی صورت حال، جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سمیت مختلف عوامل اثر انداز ہوتے ہیں۔ سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے دوران سرمایہ کار عموماً سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں، جبکہ عالمی طلب اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی شرح تبادلہ بھی پاکستان میں سونے کی قیمتوں پر اثر ڈالتی ہے۔