تازہ ترین

پاکستان کے بیرونی قرضے میں ایک سال کے دوران 6.28 ارب ڈالر اضافہ

0

پاکستان کے بیرونی سرکاری قرضوں میں ایک سال کے دوران 6 ارب 28 کروڑ ڈالر سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مجموعی قرضہ بڑھ کر 98 ارب 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ بیرونی مالی معاونت کی سالانہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان نے 16 ارب 16 کروڑ ڈالر کے بیرونی قرضے حاصل کیے، جبکہ اسی عرصے میں قرضوں کی اصل رقم اور سود کی مد میں 14 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں حکومت نے 19 ارب 92 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے بیرونی قرضے اور مالی معاونت حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم اس کے مقابلے میں 16 ارب 16 کروڑ ڈالر ہی حاصل ہو سکے، جو مقررہ ہدف کا 81 فیصد بنتے ہیں۔ اسی دوران پاکستان کو 8 ارب 95 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی نئی مالی معاونت کے وعدے بھی موصول ہوئے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں 11 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اصل رقم اور 3 ارب 23 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سود کی مد میں ادا کیے گئے۔ نئے قرضوں کی وصولی اور ادائیگیوں کے بعد خالص مالی منتقلی 4 ارب 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی۔

پاکستان کا بیرونی سرکاری قرضہ مالی سال 2024-25 کے اختتام پر 91 ارب 79 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا، جو ایک سال میں 6.84 فیصد اضافے کے بعد 98 ارب 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گیا۔ اس سے پہلے مالی سال کے دوران بیرونی قرضوں کی ادائیگی پر 13 ارب 32 کروڑ ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران بجٹ سپورٹ اور ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے کے لیے 9 ارب 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر حاصل کیے گئے۔ اس مالی معاونت کا مقصد مالیاتی عدم توازن پر قابو پانا، زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنا اور روپے کی قدر کو سہارا دینا تھا۔

اس رقم میں نیو پاکستان سرٹیفکیٹس کا حصہ 3 ارب 5 کروڑ ڈالر، یعنی 33 فیصد، جبکہ دوست ممالک کے ٹائم ڈپازٹس کا حصہ 3 ارب ڈالر، یعنی 32 فیصد رہا۔ غیر ملکی کمرشل بینکوں اور بانڈز سے مجموعی طور پر 31 فیصد جبکہ آئی ایم ایف سے 4 فیصد مالی معاونت حاصل ہوئی۔

ترقیاتی منصوبوں کے لیے 3 ارب 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، پروگرام فنانسنگ کے لیے ایک ارب 32 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور اشیائے ضروریہ کی درآمد کے لیے 2 ارب ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے۔ ترقیاتی فنڈز زیادہ تر توانائی، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی، آبی وسائل، ٹرانسپورٹ، مواصلات اور تعلیم کے شعبوں میں استعمال کیے گئے۔

کثیرالجہتی مالی معاونت فراہم کرنے والے اداروں میں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک نمایاں رہے، جنہوں نے بالترتیب 2 ارب 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، ایک ارب 77 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور ایک ارب 8 کروڑ 70 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مجموعی بیرونی سرکاری قرضوں میں سے 59 ارب 93 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کثیرالجہتی اور دوطرفہ ترقیاتی شراکت داروں سے حاصل کیے گئے۔ نئے مالی معاہدوں میں 6 ارب 80 کروڑ 90 لاکھ ڈالر وفاقی جبکہ 2 ارب 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر صوبائی منصوبوں اور پروگراموں کے لیے مختص کیے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.