حوثی حملوں کی کوششیں ناکام، مکہ مکرمہ اور ریاض کی جانب داغے گئے میزائل اور ڈرون تباہ
سعودی عرب کے مختلف علاقوں کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی کوششیں ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جہاں اتحادی افواج نے مکہ مکرمہ، دارالحکومت ریاض اور دیگر علاقوں کی جانب داغے گئے متعدد میزائل اور ڈرون فضا میں تباہ کردیے۔ دوسری جانب یمن کے جنوبی شہر عدن میں بھی میزائل حملوں اور دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق دفاعی کارروائی کے دوران مغربی علاقے میں دو بیلسٹک میزائل اور مشرقی ریجن میں ایک ڈرون مار گرایا گیا۔ ان کے مطابق ریاض کی جانب داغے گئے تین کروز میزائل بھی ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کردیے گئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کی طرف آنے والے دو حملہ آور ڈرونز کو بھی فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔
دوسری جانب حوثی ملیشیا نے یمن کے جنوبی شہر عدن کو بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔ دو پولیس ذرائع کے مطابق شہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو میزائلوں نے عدن کے مغربی حصے میں اتحادی افواج کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا، جبکہ تیسرا میزائل شہر کے وسط میں واقع ایک اور فوجی مرکز پر گرا۔
رپورٹ کے مطابق 2022 کی جنگ بندی کے خاتمے اور جولائی میں دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے بعد سے حوثی کئی مرتبہ عدن کو نشانہ بنا چکے ہیں۔