بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور علاج سے متعلق معاملات میں نئی پیش رفت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں ذرائع کے مطابق انہیں آئندہ دنوں میں پمز اسپتال کے بجائے ایک نجی اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اور اسپتال میں قیام کی مدت ابھی طے نہیں ہوئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ متعلقہ نجی اسپتال کی انتظامیہ کو ممکنہ منتقلی سے آگاہ کردیا گیا ہے، تاہم عمران خان کو کتنے عرصے تک اسپتال میں رکھا جائے گا، اس بارے میں فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 9 نومبر کو بیرسٹر گوہر، سینیٹر علی ظفر اور سلمان صفدر نے ایک اہم عدالتی شخصیت سے ملاقات کی تھی، جس میں عمران خان کی صحت اور ان تک رسائی کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسی ملاقات کے بعد دو وکلا کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دینے کے احکامات جاری کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو گزشتہ رات پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ بھی اسی رابطے کے بعد سامنے آیا تھا، جبکہ بیرسٹر گوہر خان اس پیش رفت سے پہلے ہی آگاہ تھے۔ اب نجی اسپتال منتقلی کے امکان پر بھی بات چیت جاری ہے۔
دوسری جانب رپورٹ میں عمران خان کی بہنوں کی رہائی کے معاملے پر بھی پیش رفت کا دعویٰ کیا گیا ہے اور ذرائع نے آنے والے دنوں میں ان کی رہائی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
بشریٰ بی بی کی طبی صورتحال کے حوالے سے بھی پیش رفت کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں چند روز میں اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے، جہاں پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد ان کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں گفتگو قانونی اور سیاسی امور تک محدود رہی۔