امریکی حکام نے پیوٹن سے ثالثی کی درخواست کی ہے، باقر قالیباف کا دعویٰ
ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت کے دعوے سامنے آئے ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ تہران نے قطر کے ذریعے واشنگٹن کو سات نکاتی امن منصوبہ پیش کردیا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی صورتحال جنگ سے پہلے جیسی نہیں رہے گی۔
قطری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے باقر قالیباف نے دعویٰ کیا کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔
قالیباف کے مطابق ایران نے آٹھ ماہ سے جاری تنازع ختم کرنے کے لیے سات نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے اور اب تہران امریکی جواب کا منتظر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب فیصلہ واشنگٹن کے ہاتھ میں ہے۔
ایرانی اسپیکر نے بتایا کہ مجوزہ امن منصوبے میں امریکی بحری ناکا بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکا طے شدہ نکات کی پابندی کرے اور ایسے مطالبات سے گریز کرے جن سے بداعتمادی میں اضافہ ہو تو معاہدہ ممکن ہے، تاہم ایران کو اب بھی امریکی حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔
باقر قالیباف نے کہا کہ آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی صورتحال میں واپس نہیں آئے گی۔ ان کے بقول ایران اور عمان اس اہم بحری گزرگاہ کی نگرانی کے حوالے سے ایک نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یمن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ کسی بیرونی فریق کو یمن کے تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت دونوں ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل کے لیے معاونت کرنے کو تیار ہے۔
قالیباف کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم ایرانی امن منصوبے اور ایران و عمان کے درمیان نئی مفاہمت کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔