خیبرپختونخوا میں معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں معدنی ذخائر کی تلاش اور ترقیاتی منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح سرمایہ کاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنے منصوبوں پر کام کرسکیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے سرمایہ کاری سے متعلق امور ایک ہی جگہ نمٹائے جاسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں کان کنی کی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتی ہے اور سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ یہاں معدنیات کی تلاش کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ گیس کی پیداوار کے اعتبار سے خیبرپختونخوا پاکستان کا دوسرا بڑا صوبہ ہے، جو صوبے کے معدنی اور قدرتی وسائل کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔