تازہ ترین

باڑہ شیخان میں پولیس آپریشن، انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سیف اللہ مارا گیا

0

خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں اہم کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جہاں باڑہ شیخان کے علاقے میں پولیس آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کا انتہائی مطلوب کمانڈر سیف اللہ ہلاک ہوگیا۔ کارروائی کے دوران دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد کمانڈر سیف اللہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ تھا اور پولیس و کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ وہ گرفتاری کے خوف سے گزشتہ تین سال سے افغانستان میں مقیم تھا اور حال ہی میں دہشت گردوں کی ایک تشکیل کا کمانڈر مقرر ہونے کے بعد دہشت گردی کی غرض سے پاکستان واپس آیا تھا۔

سی ٹی ڈی ریکارڈ کے مطابق سیف اللہ میدانک کے علاقے میں سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر متعدد براہ راست حملوں اور جمرود کے علاقے علی مسجد میں آئی ای ڈی دھماکوں میں بھی ملوث تھا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گرد نے گرینیڈ سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکاروں کو معمولی خراشیں آئیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت پر پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین کارروائی کے ذریعے خارجی کمانڈر کو ہلاک کرکے سیکڑوں معصوم جانوں کو بچانے والے پولیس اہلکار قوم کا اثاثہ ہیں۔

آئی جی پولیس نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کی سرزمین کو آخری دہشت گرد سے پاک کرنے تک آپریشنز اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.