تازہ ترین

ایران پر حملے سے گریز کریں، گادی آئزن کوٹ کی نیتن یاہو کو وارننگ

0

اسرائیل میں اقتدار کی منتقلی کے حساس مرحلے پر ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کا معاملہ سیاسی تنازع بن گیا ہے۔ حکومت سازی کے لیے نامزد رہنما اور سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ نے نگران وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ نئی حکومت کے قیام تک ایران کے خلاف کسی خطرناک فوجی کارروائی سے گریز کیا جائے۔

میڈیا رپورٹس اور دستیاب دستاویزات کے مطابق گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کو خط لکھ کر تحمل اور احتیاط کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات، جنہیں نئی حکومت کے قیام تک مؤخر کیا جاسکتا ہے، ان پر فوری عمل درآمد سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی فوری اور براہ راست خطرے کے بغیر سکیورٹی فورسز کو کارروائی کے لیے استعمال کرنے کے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں۔

آئزن کوٹ کے مطابق سیاسی انتقالِ اقتدار کے دوران اہم سکیورٹی فیصلے اسرائیلی جمہوریت اور سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

یہ انتباہ ان میڈیا رپورٹس کے بعد سامنے آیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نیتن یاہو ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے خواہاں ہیں، تاہم اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر کو اس معاملے پر تحفظات ہیں۔ اسرائیلی چینل 12 کے مطابق فوجی قیادت کو خدشہ تھا کہ ایران کے خلاف کشیدگی میں اضافہ 27 اکتوبر کے انتخابات کو متاثر کرسکتا ہے۔

آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کے دفتر پر الزام عائد کیا کہ انہیں باقاعدہ سکیورٹی بریفنگز فراہم کرنے کا انتظام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا سے مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے انٹیلی جنس جائزوں تک مسلسل رسائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ دوسری جانب نیتن یاہو کے حامیوں نے ان کے مؤقف کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش قرار دیا ہے۔

اسرائیلی پارلیمنٹ کی 120 نشستوں میں سے گادی آئزن کوٹ کو 67 ارکان کی حمایت حاصل ہے، تاہم یہ حمایت چھ مختلف نظریاتی جماعتوں پر مشتمل ہے، جن میں عرب سیاسی جماعتیں بھی شامل ہیں۔ نیتن یاہو کے حمایت یافتہ ارکان کی تعداد 46 رہ گئی ہے۔

آئزن کوٹ نے چار یہودی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر اقلیتی حکومت بنانے کا منصوبہ پیش کیا ہے، تاہم سابق وزیر دفاع ایوگڈور لائبرمین نے عرب جماعتوں کی حمایت پر انحصار کرنے والی حکومت میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد صدر اسحاق ہرزوگ نے 8 نومبر کو گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ انہیں حکومت بنانے کے لیے 28 دن دیے گئے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید 14 دن کی مہلت بھی مل سکتی ہے۔ نئی حکومت کی تشکیل تک بن یامین نیتن یاہو نگران وزیراعظم کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.