تازہ ترین

سہیل آفریدی سمیت تین پی ٹی آئی رہنماؤں کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا گیا

0

خیبرپختونخوا کی اہم سیاسی شخصیات کی حراست کے معاملے پر قانونی محاذ گرم ہوگیا ہے، جہاں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت تین رہنماؤں کی بازیابی اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرلیا گیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے آئین کے آرٹیکل 175 اے کی شق 3 کے تحت درخواست دائر کی ہے، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر بابر سلیم سواتی اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کی حراست کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں وزارت دفاع، وزارت داخلہ، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ حکام کو تینوں رہنماؤں کو پیش کرنے اور ان کے موجودہ مقام اور حراست میں رکھنے کی وجوہات فوری طور پر ظاہر کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ تینوں رہنماؤں کو وکلا اور اہلخانہ سے ملاقات، طبی سہولیات اور کسی بھی قسم کے تشدد سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

شاندانہ گلزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی کارروائیاں اختیارات کے ناجائز استعمال اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق آئین کے آرٹیکلز 232، 234 اور 245 بھی کسی شہری کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے کا جواز فراہم نہیں کرتے، جبکہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کو بنیاد بنا کر بھی شہریوں کے بنیادی حقوق ختم نہیں کیے جاسکتے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.