غزہ میں اسرائیلی بمباری، ناصر میڈیکل کمپلیکس پر حملے میں 5 فلسطینی شہید، 20 زخمی
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا، جنوبی شہر خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس کے سرجری ڈیپارٹمنٹ کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شہید ہونے والوں میں سرجن رزاق ابو شیرہ بھی شامل ہیں۔ حملے کے باعث طبی مرکز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
غزہ کی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود باسل نے حملے اور جانی نقصان کی تصدیق کردی، تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر واقعے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے غزہ میں بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مدد کے لیے ہنگامی اپیل جاری کی ہے۔ عالمی ادارے نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ خیمے اور ضروری امدادی سامان فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔