تازہ ترین

عمران خان کی دو بہنیں کوٹ لکھپت جیل سے رہا،جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کا استقبال

0

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی دو بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو رہائی کے احکامات موصول ہونے کے بعد رہا کردیا گیا، تاہم ان کی تیسری بہن علیمہ خان تاحال زیرِ حراست ہیں کیونکہ جیل انتظامیہ کو ان کی رہائی کے دستاویزات موصول نہیں ہوئے۔

جیل حکام کے مطابق دونوں خواتین کی رہائی کے لیے متعلقہ احکامات موصول ہونے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کی گئی اور انہیں جیل سے آزاد کردیا گیا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد دونوں بہنوں کے استقبال کے لیے جیل کے باہر موجود تھی۔

واضح رہے کہ پولیس نے علیمہ خان کو 20 ستمبر 2026 کو حراست میں لیا تھا، جبکہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو اگلے روز گرفتار کیا گیا۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق تینوں خواتین کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا، جو امن و امان کے خدشات کی بنیاد پر حفاظتی حراست کی اجازت دیتی ہے۔

لاہور کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری احکامات میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ خواتین نے پی ٹی آئی کارکنوں کو متحرک کیا اور امن و امان کی صورتحال متاثر کرنے میں کردار ادا کیا۔ حراست کے احکامات میں 9 مئی 2023 کے احتجاج اور آن لائن اشتعال انگیزی میں مبینہ کردار کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔

بعد ازاں قانونی نمائندوں نے ان احکامات کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ حراست کے فیصلے غیر قانونی ہیں اور ان کے لیے مخصوص حقائق یا ٹھوس بنیادیں فراہم نہیں کی گئیں۔ اکتوبر میں پنجاب حکومت نے عدالت میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے خواتین کی حراست میں مزید 30 روز کی توسیع سے آگاہ کیا تھا۔

اس دوران کوٹ لکھپت جیل میں خواتین کی حراست کے معاملے پر قانونی کارروائی جاری رہی۔ قانونی ماہرین کے مطابق مینٹیننس آف پبلک آرڈر قانون کے تحت حفاظتی حراست کے معاملات میں عدالتیں اس بات کا جائزہ لیتی ہیں کہ آیا انتظامیہ نے شہریوں کو بغیر مقدمے کے حراست میں رکھنے کے لیے مناسب شواہد پیش کیے ہیں یا نہیں۔

نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی رہائی کے بعد اب توجہ علیمہ خان کی حراست پر مرکوز ہوگئی ہے۔ جیل حکام کے مطابق ان کی رہائی کی کارروائی اسی وقت مکمل ہوسکے گی جب متعلقہ انتظامی محکمے کے باضابطہ احکامات موصول ہوں گے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم باقی رہ جانے والی درخواستوں کے ذریعے ان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.