مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پاکستان نے سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری دفاعی اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل اور ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔
سعودی اخبار کو بدھ کے روز دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ موجودہ حالات، پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے اور مکہ اتحاد کے تحت پاکستان مملکت کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے مطابق ان حملوں میں متعدد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے، جبکہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور تیل کی تنصیبات سمیت اہم شہری اور توانائی کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اجتماعی دفاعی وعدوں پر عملی عمل درآمد کے لیے سعودی عرب میں متفقہ افواج اور فوجی صلاحیتوں کی فوری تعیناتی کے انتظامات ضروری ہوں گے۔ ان اقدامات میں فوجی تیاری کی سطح بڑھانا، دفاعی ہم آہنگی مضبوط بنانا، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور صرف دفاعی نوعیت کی کارروائیوں میں رابطہ کاری شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں تعینات ہیں، جہاں وہ بنیادی طور پر دفاعی معاونت، تربیت اور فوجی مشقوں میں حصہ لیتے ہیں۔ پاکستان دفاعی مقاصد کے لیے فوجی اہلکاروں، صلاحیتوں، تربیت اور لاجسٹک معاونت سمیت ضروری تعاون جاری رکھے گا۔
مزید فوجی دستوں یا فضائی اور میزائل دفاعی نظام کی فراہمی سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ضروری معاونت فراہم کی جاتی رہے گی، تاہم انہوں نے فوجیوں کی تعداد، تعیناتی کے مقامات اور آپریشنل انتظامات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، شہروں، شہری اور معاشی بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔ سعودی عرب اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین اور ناقابلِ سمجھوتہ ترجیح ہے۔
خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے نمائندوں اور ایران کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مقصد کشیدگی میں کمی اور علاقائی تعاون کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ اس اجلاس میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت کو پاکستان کے مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کے عزم کا مظہر قرار دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے سہ فریقی مکہ دفاعی معاہدے میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ دونوں انتظامات کے مقاصد الگ ہیں، تاہم ان کی نوعیت خالصتاً دفاعی ہے اور کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کا مقصد مشترکہ دفاعی صلاحیت، فوجی ہم آہنگی اور علاقائی استحکام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں مزید کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، اس لیے تحمل، کشیدگی میں کمی اور سفارتی رابطوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔