تازہ ترین

کرپشن کے شواہد دیں، چوہدری سالک کا ساتھ دینے کو تیار ہوں، رانا ثنا اللہ

0

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے چوہدری سالک حسین کے کرپشن سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے پاس بدعنوانی کے ٹھوس شواہد موجود ہیں تو وہ ملوث افراد کے نام سامنے لائیں، وہ اس معاملے میں ان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔

نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی حکومتیں گرانے کے خواہش مند ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔ جب کسی جماعت پر مشکل وقت آتا ہے تو بعض اوقات اسی جماعت کے لوگ بھی اس کے خلاف کھڑے ہوجاتے ہیں۔ ایسے عناصر سیاسی مخالفین کے علاوہ اپنی جماعت کے اندر بھی موجود ہوتے ہیں۔

چوہدری سالک کے کرپشن سے متعلق بیان پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا میں اس بیان کو نمایاں کوریج ملی، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی جواب دینا پڑا۔ ان کے بقول یہ تاثر سامنے آیا کہ چوہدری سالک پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ کے بارے میں بات کررہے ہیں، تاہم اس معاملے کو واضح کرنے کی ضرورت ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب واضح کرچکی ہیں کہ اگر ان کے خلاف ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو وہ جوابدہ ہوں گی۔ چوہدری سالک کو چاہیے کہ وہ کرپشن کے ٹھوس شواہد سامنے لائیں اور واضح کریں کہ کون سا شخص اس میں ملوث ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی پٹواری کرپٹ ہے تو اس کا وزیراعلیٰ سے کیا تعلق ہے؟ کسی انفرادی اہلکار کی بدعنوانی کو براہ راست وزیراعلیٰ سے جوڑنا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چوہدری سالک آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی بنیاد پر کرپشن کی بات کررہے ہیں تو انہیں اس حوالے سے ٹھوس شواہد پیش کرنے چاہییں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ حکومت کو بھی نچلی سطح پر بدعنوانی کے مسائل کا احساس ہے۔ کلرک، پٹواری اور تھانیدار کی سطح پر ہونے والی کرپشن پر بھی نظر رکھی جارہی ہے، تاہم دنیا بھر میں نچلی سطح پر بدعنوانی کو مکمل طور پر کنٹرول کرنا ایک مشکل معاملہ ہے۔ اس کے خاتمے کے لیے مسائل کو سمجھنا اور مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے۔

چوہدری سالک اور وزیراعلیٰ پنجاب کے بیانات کے معاملے پر آئندہ حکمت عملی سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب اس معاملے پر بیٹھ کر بات ہوگی تو دونوں کے بیانات کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے میں ان کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں اسٹیبلشمنٹ نے ارکان اسمبلی کو زبردستی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جوڑ رکھا تھا۔

انہوں نے ایک سابق رکن قومی اسمبلی کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ رکن نے انہیں بتایا تھا کہ وہ بجٹ اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا، تاہم بعد میں ایک فون کال کے بعد اجلاس میں آگیا۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق اس رکن نے بتایا تھا کہ اسے پوچھا گیا کہ جہاز بھیجوں یا ڈالہ بھیجوں؟

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور اسپتال منتقلی سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر عمران خان کو ضرورت محسوس ہوتی تو وہ خود اسپتال میں داخل ہوجاتے۔ ان کے مطابق آنکھ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں صرف ڈاکٹرز ہی بہتر طور پر بتا سکتے ہیں اور طبی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے تمام معاملات محسن نقوی دیکھتے ہیں، جبکہ بیرسٹر گوہر ان معاملات پر ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان کی رائے میں مولانا فضل الرحمان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک اور قوم کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا پروگرام ہے کہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جائے، جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ پر مشاورت اور سیاسی قیادت کے درمیان رابطے کو آگے بڑھانا ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.